s 70سال سے عوام کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ ہورہا ہے، راشد نسیم

جمعرات 16 مئی 2019 20:35

Iلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ 70سال سے عوام کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ ہورہا ہے۔حکمران رہنے والی جماعتوں نے اپنے کارکنان اور عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیا اور بار بار عوام کی توقعات اور امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے اپنی من مانی کی۔آئین کی بادستی اور حاکمیت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے عام آدمی کا استحصال ہورہا ہے۔

ناجائز دولت جمع کرنے والوں کے لیے قانون موم کی ناک اور عام آدمی کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوتاہے جس کی وجہ سے حکمران اشرافیہ دولت سمیٹ لیتے ہیں اور عوام غربت مہنگائی جہالت اور بیماریوں جیسے مسائل میں الجھے رہتے ہیں اور انہی پریشانیوں میں مبتلا رہ کر آخر ایک دن زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی عوام کو ان مسائل اور مسائل پیداکرنے والوں سے نجات دلانے کی جدوجہد کررہی ہے۔

پیپلز پارٹی مسلم لیگ،پی ٹی آئی ہویا ایم کیو ایم ہم تمام جماعتوں کے کارکنان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور ملک و قوم کو اس گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گلبرگ مدینہ کالونی فیڈرل بی ایریا کراچی میں عوامی افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی نائب امیر کامران سراج و دیگر بھی موجود تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام کے ساتھ مسلسل دھوکہ اور فراڈ ہورہا ہے۔عوام نے مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دیئے مگر سیاسی جماعتوں نے عوام کے اعتماد کو بری طرح مجرو ح کیا۔چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والے اصلاً ایک طبقہ اور گروہ کے لوگ ہیں جنہوں نے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں اور جو پارٹی اقتدار میں آتی ہے سارے اس میں جمع ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں میںرہنے والے وزیر مشیر سب ایک ہیں اور موجودہ حکومت میں بھی وہی وزراء ہیں جو پیپلز پارٹی مسلم لیگ اور پرویز مشرف کی کابینہ میں شامل تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے دکھوں اور پریشانیوں کا مداوہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔جماعت اسلامی ملک کی حقیقی جمہوری جماعت ہے جس کا اعتراف ہمارے مخالفین بھی کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والے لوگ اقتدار میں نہیں آتے عوام کے ساتھ اسی طرح دھوکہ اور فریب ہوتا رہے گا۔انہوںنے کہا کہ کراچی کے عوام نے تیس سال تک ایم کیو ایم کو ووٹ دیا مگر آج کراچی کی ناگفتہ بہ صورتحال دیکھ کر ہر شہری پریشا ن ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام سے ہمدردی رکھتی ہے اور ان کے غم اور دکھ بانٹنا چاہتی ہے۔