ق* نکاٹی نے کے الیکٹرک کے نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں لوڈشیڈنگ کو مسترد کردیا

‘گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صنعتکاروں کو مشکلات سے نجات دلائیں ،نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری

جمعرات 16 مئی 2019 20:50

ح*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری (نکاٹی) نے کے الیکٹرک کی جانب سے نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں لوڈشیڈنگ کو مسترد کرتے ہوئے ماہ رمضان میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیاہے اور گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صنعتکاروں کو اس مشکل سے نجات دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیزخان اورقائمقام صدر فیصل شابوکی زیرصدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں منیجنگ کمیٹی کے اراکین اور ممبران نے رمضان المبارک میں نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں رات 11:30 سے صبح 6:30 بجے تک بجلی کی بندش کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئر مین کے الیکٹرک سب کمیٹی محمد نسیم اختر،اراکین منیجنگ کمیٹی اور ممبران کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے شرکائ کا کہنا تھا کہ زائد پیداواری لاگت کی وجہ سے صنعتیں پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہیں لہٰذا صنعتوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی اور صنعتیں تباہ ہو کر رہ جائیں گی کیونکہ موجودہ حالات میں صنعتیں پیداواری عمل میں کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتیں جس کی وجہ برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل ہے کیونکہ اگر برآمدی آرڈر زکی بروقت تکمیل نہ کی گئی تو آرڈرز منسوخ ہونے کے خدشات ہیں لہٰذا کے الیکٹرک صنعت دشمن اقدامات کرنے سے گریز کرے اورصنعتی پیداوار ی سرگرمیوں کو بغیر کسی رکاوٹ جاری رہنے دیا جائے۔

نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیزخان اورقائمقام صدر فیصل شابوکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے باورکرایاگیا ہے کہ بجلی کی سپلائی وافر مقدار میں موجود ہے اس کے باوجود صنعتوں کو بجلی کی فراہمی بلاجواز بند کرکے صنعتی نظام کو تبا ہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری بڑھے گی۔انہوں نے کے الیکٹرک سے فوری طورپر صنعتوں میں لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل کے لیے صنعتوں کوبلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ برآمدات کو فروغ حاصل ہو اور ملک میں خوشحالی ہے۔#