تیل تنصیبات پرحملے حوثیوں کے ایرانی آلہ کار ہونے کا مظہرہیں،شہزادہ سلمان

مذکورہ حملوں کو خطے میں ایران کے توسیع پسندانہ ایجنڈے کے نفاذ کے لیے بروئے کار لایا جارہا ہے،بیان

جمعرات 16 مئی 2019 22:10

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی آرامکو کی تنصیبات پر حملے اس بات کا مظہر ہیں کہ وہ ایرانی آلہ کار ہیں اور وہ ایران کے توسیع پسندانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہی اور یہ آرامکو کی تنصیبات پر حوثیوں کے ڈرون حملوں کے بعد ان کا پہلا ردعمل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ آرامکو کے دو پمپنگ اسٹیشنوں پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ حوثی ملیشیا ایرانی رجیم کی محض آلہ کار ہے اور اس کو خطے میں ایران کے توسیع پسندانہ ایجنڈے کے نفاذ کے لیے بروئے کار لایا جارہا ہے اور یہ حوثیوں کے جھوٹے دعوے کے برعکس یمن میں عوام کا تحفظ نہیں کررہی ہے۔انھوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ سعودی تنصیبات پر حملوں کا حکم تہران میں رجیم نے دیا تھا اورحوثیوں نے اس حکم کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ ان حملوں کا مقصد (یمن میں جاری بحران کے حل کے لیے )سیاسی کوششوں کو سبوتاڑ کرنا تھا۔