ٴْکوئٹہ، صوبائی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے زیر اہتمام آج شٹر ڈائون ہڑتال ہو گی

جمعرات 16 مئی 2019 22:25

W کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) صوبائی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن جماعتوں جمعیت علمائے اسلام ، بلوچستان نیشنل پارٹی اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام آج 17مئی بروز جمعہ کوئٹہ شہر میں شٹر ڈائون ہڑتال اور سہہ پہر 3بجے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ بیان میں عوام ، سیاسی کارکنوں تاجروں سے ہڑتال کو کامیاب بنانے اور احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نااہل صوبائی حکومت کی گزشتہ 10ماہ کی حکومت کے دوران 88ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ پی ایس ڈی پی کا 80فیصد خرچ نہ ہونے کی وجہ سے لیپس ہوگیا ہے حالانکہ ان اربوں روپے سے صوبے کے مفلوک الحال عوام کیلئے مختلف علاقوں میں تعلیم ، صحت ، آبنوشی سمیت ہر شعبہ زندگی میں عوامی فلاح وبہبود کے اسکیمات پائے تکمیل ہونے تھے لیکن موجودہ 6جماعتی صوبائی حکومت کی غفلت کی وجہ سے یہ خطیر رقم لیپس ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح امن وامان کی ابتر صورتحال ، بجلی کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ، کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت ، پنجاب سے مسترد شدہ تیز ترین گیس میٹرزکو صوبے کے عوام پر مسلط کرنے ، یوٹیلٹی بلوں میں اضافے اور نت نئے ٹیکسز لگا کر عوام سے وصولی کرنا ، مہنگائی میں شدید اضافہ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آج کی شٹر ڈائون ہڑتال اعلان کی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں تمام تاجروں دکانداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے دکانوں کو بند رکھے اور ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔