وفاقی وزیر فیصل واوڈا(کل) اپنے حلقے میں سیلف ایمپلائمنٹ سکیم کے تحت نوکریاں اور کاروبار مہیا کرنے کے لئے چیک تقسیم کریں گے

جمعرات 16 مئی 2019 22:30

وفاقی وزیر فیصل واوڈا(کل) اپنے حلقے میں سیلف ایمپلائمنٹ سکیم کے تحت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا آج (جمعہ) اپنے حلقے میں NA 249بلدیہ کراچی میں سیلف ایمپلائمنٹ سکیم کے تحت نوکریاں اور کاروبار مہیا کرنے کے لئے چیک تقسیم کریں گے۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بلدیہ کراچی میں 200 سے 400 نوکریاں اور کاروبار دینے کا وعدہ کیا تھا۔ فیصل واوڈا اپنے وعدے کے مطابق آج پہلے مرحلے میں بلدیہ کراچی میں ایک ہزار فراد میں رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔

انشا اللہ کل تقسیم کی جانے والی یہ کل رقم تقریباً3 کروڑ روپے تک ہوگی۔ یہ رقم مکمل طور پر سود سے پاک بنیاد پر مہیا کی جائے گی۔یاد رہے کہ یہ رقم فیصل واوڈا مکمل طور پر اپنی جیب اور چند مزید نیک نیت مخیر حضرات کی مدد سے ادا کر رہے ہیں۔ اس سیلف ایمپلائمنٹ سکیم کے تحت ایک شخص دوسرے شخص کا ہاتھ تھامے گا اور اس طرح یہ سلسلہ چلتا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس رقم کے لئے نہ وفاقی اور نہ ہی صوبائی حکومت کا کوئی پیسہ استعمال ہوگا۔

تاریخ میں پہلی بار کوئی وزیر یا ایم این اے اس طرح اپنی جیب سے غربت مٹانے کے لئے کوشاں ہے۔ فیصل واوڈا اس کے بعد نوکریوں کا یہ سلسلہ کراچی کے باقی حصوں اور پورے پاکستان تک پھیلایں گے۔چیک تقسیم کرنے اور میڈیا سے گفتگو کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا اپنے حلقے میں ہی موجود رہیں گے اور حلقے کے عام لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں گے اور انکے مسائل سنیں گے۔