شوبز سے تعلق رکھنے والے لوگ غیر مسلم نہیں مسلمان ہیں وہ رمضان ٹرانسمشن کر سکتے ہیں،مولانا طارق جمیل

ایک معمولی غلطی کی وجہ سے کسی کو دین کی بات کرنے سے روک دینا جہالت ہے،عالمی شہرت یافتہ مبلغ دین

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 17 مئی 2019 00:14

شوبز سے تعلق رکھنے والے لوگ غیر مسلم نہیں مسلمان ہیں وہ رمضان ٹرانسمشن ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی2019ء) عالمی شہرت یافتہ مبلغ دین اور تبلیغی جماعت کے مرکزی رہنماجناب مولانا طارق جمیل نے نجی ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے رمضان ٹرانسمیشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ دین کی بات ہر مسلمان کو کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ چاہے کسی کا عمل ہے یا نہیں ہے لیکن دین کی بات ہر ایک کو کرنی چاہیے۔ مولان طارق جمیل نے کہا کہ دین اور کسی کی خیر خواہی کی بات کرنا مقصدِ دین ہے کسی کو اس سے روکنا نہیں چاہیے اور یہ ختم نبوت کا تقاضہ ہے کہ ایک دوسرے کو اچھی باتیں سکھائی جائیں کیونکہ اب کوئی نبی نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اللہ کسی کے منہ سے کلمہ خیر کہلوا رہا ہے تو اس میں کیا قباحت ہے اور کسی ایک غلطی کی وجہ سے کسی کو دین کی بات سے روک دینا جہالت ہے۔

(جاری ہے)

مولاناطارق جمیل نے کہا کہ اگر رمضان ٹرانسمیشن میں کوئی فضولیات نہ ہوں اور کوئی اچھی باتیں کی جا رہی ہوں تو یہ غلط نہیں ہے۔ پروگرام کے دوران میزبان نے لمی شہرت یافتہ مبلغ دین مولانا طارق جمیل سے سوال کیا تھا کہ کیا اداکاروفنکار رمضان ٹرانسمیشن کر سکتے ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اداکاروفنکار بھی مسلمان ہین وہ کوئی غیر مسلم نہیں ہیں اس لیے وہ رمضان ٹرانسمیشن کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی گئی تھی کہ شوبز سے متعلقہ لوگوں کو رمضان ٹرانسمیشن نہین کرنی چاہیے کیونکہ وہ دین کے بارے میں صحیح معلومات نہیں رکھتے لیکن اب ر تبلیغی جماعت کے مرکزی رہنما اور ممتاز عالمِ دین مولاناطارق جمیل نے کہا ہے کہ فنکاروں کا رمضان ٹرانسمیشن کرنا غلط نہیں ہے اور کوئی بھی شخص دین کی بات کرنے کا حق رکھتا ہے۔