Live Updates

قائد اعظم یونیورسٹی میں گرینڈ افطار ڈِنر کا اہتمام، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد میں شِرکت

جمعہ 17 مئی 2019 15:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) قائد اعظم یونیورسٹی کے مجِید ہٹس پر گرینڈ افطار ڈِنر کا اہتمام کیا گیا جِس میں طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شِرکت کی۔ یاد رہے کہ قائداعظم یونیورسٹی میں گذشتہ کئی سالوں سے اس اجتماعی افطاری کا سلسلہ جاری ہے۔ قائداعظم یونیورسٹی ایلومینائی ایسوسی ایشن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سینئر ممبران، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے ذمہ داران، ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور حاضرین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

افطار ڈنر کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قائداعظم یونیورسٹی کی زمین پر ناجائز قبضہ ختم ہونے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ میٹنگ میں اس اہم مسئلہ پر وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا گیا کہ چند قبضہ گروپوں کا پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ کی زمین پر گزشتہ کئی سالوں سے قبضہ چلا آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ 72۔1967ء میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 1709 ایکڑ، 4 کنال اور 12 مرلہ جگہ نقشہ کے مطابق یونیورسٹی کیلئے مختص کی گئی جس میں سے ساڑھے چار سو ایکڑ زمین پر بااثر افراد نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ زمین کو جلد از جلد واگزار کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر اس مسئلہ کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات