پنجاب یونیورسٹی ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کو بہتر بنایا جائے گا‘ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد

جمعہ 17 مئی 2019 15:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) وائس چانسلر پروفیسر نیا زاحمد اختر کی زیر صدارت پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اجلاس الرازی ہال میں منعقد ہواجس میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان،مختلف فیکلٹیوں کے ڈینزاورشعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں ایم فل پی اور ایچ ڈی پروگرامزکو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ایچ ای سی کی رپورٹ سے قبل موسم بہار میں رواں سال داخلے نہیں کئے تاکہ معیار بہتر ہو۔ڈاکٹر محمد خالد خان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ذیادہ تر ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کو ایچ ای سی نے سراہا ہے۔ اس موقع پر مختلف اساتذہ نے کہا کہ ایچ ای سی کی حالیہ رپورٹ میں چند معلومات درست نہیں ہیں جن کو بہتر بنا کر ایچ ای سی کو رپورٹ بھجوائی جانی چاہئے۔اساتذہ کے مطالبے پر ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کا حقیقی ڈیٹا تیار کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔