وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا ورلڈ ہائپرٹیشن ڈے پرخصوصی وڈیو پیغام جاری

جمعہ 17 مئی 2019 16:49

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا ورلڈ ہائپرٹیشن ڈے پرخصوصی وڈیو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ورلڈ ہائپرٹیشن ڈے پرخصوصی وڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ ہائپرٹیشن ڈے بلڈ پریشر سے آگاہی کا دن ہے، بلڈ پریشر کو خاموش قاتل کہاجاتا ہے،پاکستان میں بہت سارے لوگ بلڈ پریشر ہونے کے باوجود لاعلم رہتے ہیں،مریضوں کو بلڈ پریشر سے لاعلمی کی وجہ سے دماغ کی شریان پھٹنے سے بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے،بلڈپریشر کی بیماری سے فالج اور گردے متاثر ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے اپنے وڈیو پیغام میں مزیدکہاکہ ہر فرد کو سال میں ایک مرتبہ بلڈ پریشر سے متعلق تمام ٹیسٹ کروانے چاہئیں۔ہر فرد کا صحت مند زندگی گزارنے کیلئے زیادہ سے زیادہ بلڈ پریشر 120اور کم سے کم 80ہونا چاہیے۔ہم بلڈ پریشر پر قابو پاکر دل کی بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ روزانہ کی ورزش اور کھانے میں نمک کی احتیاط بلڈپریشر کی بیماری کو روکتی ہیں۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں بلڈپریشر پر قابو پانے کے حوالہ سے مریضوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔