محکمہ تعلیم نے پنجاب بھر کے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں کا اعلان کردیا

تعلیمی ادارے یکم جون سے 14 اگست تک بند رہیں گے صوبہ بھر کے اساتذہ کے تقرروتبادلوں کے لئے ای ٹرانسفر پالیسی کا اعلان ای ٹراسفر پالیسی کے انعقاد سے محکمہ تعلیم میں تبادلوں کے حوالے سے دی جانے والی رشوت کا کلچر مکمل طور پر ختم ہو جائے گا ، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب کی پریس کانفرنس

جمعہ 17 مئی 2019 17:16

لاہور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے صوبہ بھر کے اساتذہ کے تقرروتبادلوں کیلئے ای ٹرانسفر پالیسی کا اعلان کردیا،ای ٹراسفر پالیسی کے انعقاد سے محکمہ تعلیم میں تبادلوں کے حوالے سے دی جانے والی رشوت کا کلچر بھی مکمل طور پر ختم ہو جائے گا ۔ضلع کے اندر تبادلے کے لئے دی جانے والی درخواستوں پر 35دن میں عمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے ضلع میںتبادلے کے لئے دی جانے والی درخواستوں پر 25روز کے اندر اندر عملدرآمد ہو گا،پنجاب بھر کے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے 14اگست تک رہیں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزیہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مراد راس نے کہا کہ پاکستان آرمی کے بعد ملازمین کے لحاظ سے دوسرا بڑا ادارہ تعلیم ہے جس کے کُل ملازمین تقریبا چار لاکھ کے قریب ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم میں ہر سال پچاس سے ستر ہزار تبادلوں کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں اوردرخواستوں کی اتنی بڑی تعداد ہونے کی بدولت بدعنوانی کرنے والے عناصر بھی بڑے پیمانے پر سرگرم رہتے تھے یہ سلسلہ اس ٹرانسفر پالیسی کے انعقاد کے بعد ختم ہو جائے گا ۔

انہوںنے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ہر سال ٹرانسفر ز کی مد میں تقریبا تین سے پانچ ارب روپے کی کرپشن کی جاتی تھی اور یہی وجہ ہے کہ ماضی کی کسی بھی حکومت نے آ ج تک اس چلتی دکان کو بند کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھا یا۔ ای ٹرانسفر پالیسی کے اجرا ء سے تمام تبادلے میرٹ کی بنیادوں پر ہوں گے اور کسی بھی ملازم کی حق تلفی نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پالیسی کے اجرا سے پہلے ٹرانسفر کے کاغذات تیار کروانے کے لئے اچھا خاصا وقت درکار ہوتا تھا جبکہ ای ٹراسفر کی ایپلیکیشن کے ذریعے یہ ساراکام چند منٹوں میں ہوا کرے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کا انعقاد ایک انقلابی قدم ہے اور ہم گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی مدد سے پورے محکمے کے نظام کو جدید ترقی سے آراستہ کر دیں گے۔اساتذہ کی فنی تربیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے وقتافوقتا اُن کے لئے تربیتی کیمپ لگائے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جن اساتذہ کو اپنی پوری معلومات کا اندراج صحیح طور پر نہ درج ہونے کی شکایت ہے وہ اپنے متعلقہ چئیرمین سے رابطہ کر کے ریکارڈ کو درست کروائیں تا کہ آنے والے وقت میں انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔پریس کانفرنس کے آخر میں ان کا کہنا تھا کہ سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاںیکم جون سے لیکر 14اگست تک رہیں گی۔