نوجوانوں کیلئے جلد لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام شروع کررہے ہیں، رائے تیمور خان بھٹی

جمعہ 17 مئی 2019 18:15

لاہور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ یوتھ کیلئے جلد لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام شروع کررہے ہیں جس میں نوجوانوں کو لیڈر شپ اور اپنا کاروبار کرنے کی تربیت دی جائے گی،نوجوانوں کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، نوجوانوںکو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں فوسٹر لرننگ پروگرام کے سی ای او سنان خان اور پروگرام مینجر حرا جاوید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فوسٹر لرننگ پروگرام کے سی ای او سنان خان اور پروگرام مینجر حرا جاوید نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے ملاقات کی جس میں نوجوانوں کے لئے لیڈرشپ اور اونر شپ کی تربیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے لیڈرشپ اور اونر شپ (اپنا کاروبار) پروگرام میں دوماہ کی تربیت دی جائے گی جس میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار چلانے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مکمل رہنمائی دی جائے گی تاکہ نوجوان ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، نجی شعبہ کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، فوسٹر لرننگ پروگرام کی پروگرام مینجر مس حرا جاوید نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کو بتایا کہ فوسٹر لرننگ پروگرام کے تحت پنجاب کے 11شہروں میں نوجوانوں کو لیڈر شپ اینڈ اونر شپ کی تربیت دے چکے ہیں اب اس کا دائرہ پنجاب کے دیگر شہروں تک وسیع کیا جارہا ہے، نوجوانوں کی تربیت کے لئے حکومت کے ساتھ چلنے کے تیار ہیں، حکومت اور نجی شعبہ مل کر نوجوانوں کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :