ترقی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کو معیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی انتہائی ضروری ہے، محمد اجمل چیمہ

جمعہ 17 مئی 2019 18:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ تیزرفتار ترقی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کو معیاری اوربامقصد تعلیم کی فراہمی انتہائی ضروری ہے ،اس ضمن میں حکومتی سطح پر انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم طالب علموں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں،انہوں نے یہ بات پروین شاکر کمپلیکس میں محکمہ سماجی بہبود کی زیرنگرانی پاک مکتب سکول غلام محمد آباد کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کہی، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا،ڈپٹی ڈائریکٹر خالد بشیر،سوشل ویلفیئرآفیسر محمد طاہر،پرنسپل پاک مکتب سکول دیبہ نورین،محکمہ سماجی بہبود کے دیگر افسران،اساتذہ،والدین اور پاک مکتب سکول میں زیر تعلیم طلباء وطالبات بھی موجود تھے،صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے تعلیم کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علم کا راستہ خوشحالی کا راستہ اور پڑھا لکھا معاشرہ معاشرتی ترقی کا ضامن ہے لہذا بچوں کو تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں،انہوں نے طالب علموں کی تعلیم کے ساتھ معیاری تربیت کی انجام دہی میں پاک مکتب سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سماجی بہبود کی زیرنگرانی کمیونٹی کے تعاون سے چلنے والے سکول کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی،پاک مکتب سکول میں اضافی کلاس روزمز اور لیبارٹری کے قیام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ خوشگوار اور پرکشش ماحول میں تعلیمی سرگرمیوں کے مزید اچھے نتائج حاصل ہوسکیں،انہوں نے پاک مکتب سکول کے اساتذہ کے لئے 5/5ہزارروپے جبکہ دیگر سٹاک کے لئے 3/3ہزارروپے عید پیکج کا اعلان بھی کیا اور اساتذہ سے کہا کہ وہ قوم کے مستقبل کی جدید خطوط پر تربیت جاری رکھیں تاکہ وہ چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کرکے کامیابیاں حاصل کریں،انہوں نے طلباء وطالبات کی طرف سے پیش کئے جانے والے ٹیبلوز اور تقریب کے کامیاب انعقاد کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے پاک مکتب سکول کی تزئین وبحالی کے منصوبے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اضافی کلاس رومز اور میٹرک تک اپ گریڈیشن کے باعث سائنس لیبارٹری کی ضرورت ہے،انہوں نے بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے جلد سٹریٹ چلڈرن سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے لئے مخیر حضرات اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ جاری ہے،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے تقریب میں شرکت پر صوبائی وزیر سماجی بہبود محمد اجمل چیمہ کا شکریہ ادا کیا،پرنسپل ادارہ نے سکول کی تعلیمی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ادارہ میں اس وقت 723طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں جن میں نرسری تاپنجم تک بوائز وگرلز اور ششم سے دہم تک گرلز کلاسز ہو رہی ہیں،انہوں نے بھرپور تعاون پرصوبائی وزیر سماجی بہبودمحمد اجمل چیمہ کا شکریہ ادا کیا،تقریب کے دوران طالب علموں نے ویلکم کے علاوہ معروف قوالی تاجدار حرم اور دیگر پروگرامز بھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :