ضلع میں پاور لومز و بھٹہ خشت ورکرز کی فلاح وبہبود میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 17 مئی 2019 18:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں پاور لومز و بھٹہ خشت ورکرز کی فلاح وبہبود میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، اس سلسلے میں متعلقہ لیبر قوانین پر مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا،انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ویجیلینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان کے علاوہ سوشل سیکیورٹی،چائلڈ پروٹیکشن،سوشل ویلفیئر،ایجوکیشن،پنجاب پولیس اوردیگر محکموں کے افسران، مزدور رہنمابابا لطیف انصاری،اسلم معراج بھی موجود تھے،ڈپٹی کمشنر نے محنت کشوں کے مسائل اوران کے حل کے اقدامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجرا کے لئے محکمانہ اقدامات کو مزید تیز کریں اور واجبات ادا نہ کرنے والے بھٹہ مالکان کو متحرک کیا جائے،انہوں نے ورکرز کی کم ازکم اجرت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دیتے ہوئے خوشگوار ماحول میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہنی چاہیں،انہوں نے حسین شہید سہروردی لیبر کالونی میں بجلی کے کنکشن سمیت ورکرز کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی،ڈائریکٹر لیبر نے بتایا کہ مقررہ سے کم اجرت کی ادائیگی پر بھٹہ مالکان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے،انہوں نے محنت کشوں کی فلاح وترقی کے لئے محکمانہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا،سوشل سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ اب تک 1886ورکرز کے سوشل سیکیورٹی کارڈز بنائے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ ماہ 86 کارڈزورکرز کے حوالے کئے گئے،انہوں نے بتایا کہ تا حال 400 کے قریب کارڈز پر پیشرفت جاری ہے جس کے لئے بھٹہ مالکان کی طرف سے بقایا جات ادا نہیں کئے گئے،مزدور رہنمائوں نے جھنگ روڈ سیکٹر کے پاور لومز ورکرز کی اجرتوں کا مسئلہ حل کرانے پر ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کا شکریہ ادا کیا اور بھٹہ مزدوروں کو درپیش بعض مسائل کی بھی نشاندہی کی۔