بھارتی قید سے رہائی پانے والے 6ماہی گیر کراچی پہنچ گئے،ایدھی سینٹر پرعبدالبر اور فیصل ایدھی نے ہار پہناکر ماہی گیروں کا استقبال کیا

جمعہ 17 مئی 2019 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) بھارتی قید سے رہائی پانے والے 6ماہی گیر کراچی پہنچ گئے،ایدھی سینٹر پر چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر اور فیصل ایدھی نے ہار پہناکر ماہی گیروں کا استقبال کیا، وہاں موجود عزیز و اقارب سے مل کر ماہی گیر اپنے آنسو نہ روک پائے، تفصیلات کے مطابق رہائی پانے والے 6 پاکستانی ماہی گیر غلام مصطفی ولد غلام قادر، علی محمد ولد محمد ہارون،شیر علی ولد محمد ہارون،صدام حسین ولد غلام مصطفی، رمضان ولد لاکھو اور جاوید ولد مٹھو بھارت سے واہگہ بارڈر کے ذریعے پہلے لاہور اور بعدازاں جمعہ کے روز ایدھی سینٹر ٹاور کراچی پہنچ گئے جہاں پر چئیرمین فشر مینز کو آپریٹیو سوسائٹی عبدالبر اور ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ہار پہناکر اپنے ماہی گیروں کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین فژر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیلوں میں ابھی بھی 113پاکستانی ماہی گیر قید وبند کی صعبتیں برداشت کرنے پر مجبور ہیں،جبکہ پاکستانی ماہی گیروں کی 132لانچیں بھی بھارت کے قبضے میں ہیں، جوکہ ان ماہی گیروں کا کل اثاثہ ہیں۔ پچھلے دنوں سمندری طوفان کے دوران لاپتہ ہونے والے 24ماہی گیر بھی بھارت کی قید میں ہیں جن کی گرفتاری ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔

چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے کہا کہ بھارت نے ہمارے 6ماہی گیر چھوڑے ہیں اور7مزید پاکستانی ماہی گیروں کی گرفتاری ظاہر کر دی ہے۔ ہم جذبہ خیر سگالی کے طور پر تین ماہ کے دوران 360بھارتی ماہی گیروں کو ہار پہناکر،تحفے تحائف دیکر بڑے پروٹوکول کے ساتھ رہا کر دیتے ہیں۔مگر بھارت نے جو ہمارے جذبہ خیر سگالی کا جواب دیا ہے وہ انتہائی مایوس کن ہے۔

اس سے زیادہ مایوس کن جواب ہو نہیں سکتا۔ چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے کچھ ماہی گیروں کوبھارت نے 20سال قبل 1999 میں گرفتار کیا تھا جوکہ تاحال بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔اگر بیس سال میں ان کا کوئی جرم ثابت نہیں ہو سکا تو بھارت سرکار انہیں رہا کردے تاکہ وہ اپنی عمر کا آخری حصہ ہی اپنے اہل خانہ کے سا تھ گزار سکیں۔

چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے مزید کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ دونوں طرف پکڑی گئی ماہی گیروں کی لانچوں کے حوالے سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں کیونکہ ماہی گیر کا کل اثاثہ اس کی لانچ ہی ہوتی ہے۔ اگر روزی روٹی کا واحد ذریعہ لانچ ہی ضبط کر لی جائے تو وہ بے چارہ ماہی گیر کیا کرے گا۔ یہ ماہی گیروں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔قبل ازیں چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے رہائی پانے والے ماہی گیروں میں امدادی رقوم تقسیم کیں۔چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے ایدھی فاو نڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا رہا ہونے والے ماہی گیروں کو لاہور سے بس کے ذریعے کراچی پہنچانے پرشکریہ ادا کیا۔فیصل ایدھی نے بھی میڈیا سے بات چیت کی۔