طالبان کو مذاکرات کے اخراجات دینے سے متعلق ٹرمپ کی درخواست مسترد

ٹرمپ انتظامیہ طالبان کو امن مذاکرات میں شرکت کرنے پر سفری اخراجات واپس کرنا چاہتی تھی،امریکی عہدیدار

جمعہ 17 مئی 2019 20:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) امریکی صدرٹرمپ نے طالبان پر مہربان ہوتے ہوئے نوید سنائی ہے کہ وہ امن مذاکرات کے لیے آنے جانے اور کھانے پینے کے اخراجات دینے کے خواہشمند ہیں لیکن قانون سازی سے متعلق کمیٹی نے درخواست مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس کے ایک عہدے دارنے بتایاکہ ٹرمپ انتظامیہ طالبان کو حالیہ امن مذاکرات میں شرکت کرنے پر آنے والے سفری اخراجات واپس کرنا چاہتی ہے۔

ان اخراجات میں کھانا پینا، رہائش اور آمد ورفت کے خرچے شامل تھے۔امریکی کانگریس کی کمیٹی نے درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ وہ شدت پسندوں کے اخراجات نہیں اٹھائے گی۔ امریکی حکومت اور طالبان کے درمیان اکتوبر سے اب تک دوحہ میں مذاکرات کے چھ دور ہوئے ہیں جن کا مقصد امریکا کو افغانستان سے محفوظ انخلا فراہم کرنا ہے۔