منہاج القران ویمن لیگ کے وفد کی وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر فرخندہ منظور سے ملاقات

وفدنے ڈاکٹر فرخندہ منظور کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا سیٹ تحفے میں دیا

جمعہ 17 مئی 2019 20:25

لاہور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) منہاج القران ویمن لیگ پنجاب کی جنرل سیکرٹری عائشہ مبشراور منہاج القران ویمن لیگ کے سٹوڈنٹس ونگ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز)کی مرکزی صدر زینب ارشد، ہیڈ ریسرچ سوسائٹی سٹوڈنٹس ونگ جویریہ وحید پر مشتمل وفد نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور سے ملاقات کی، اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز بشریٰ ندیم بھی موجود تھیں ، منہاج القران ویمن لیگ کی رہنمائوں نے ڈاکٹر فرخندہ منظور کو لاہور یونیورسٹی کی لائبریری کیلئے قائد منہاج القران ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 8جلدوں پر مشتمل تاریخی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا سیٹ و دیگرکتب تحفے میں دیں، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخندہ منظور نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا و دیگر کتب کے تحفے پر منہاج القران ویمن لیگ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ، یہ دین اسلام، عالم اسلام اور انسانیت کی قابل قدر خدمت ہے،انہوں نے کہا کہ قران حکیم کا مطالعہ کرنے والا کبھی گمراہ نہیں ہو سکتا، قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے اللہ کے کلام کو سمجھنے میں آسانی ہو گی، ڈاکٹر فرخندہ منظور نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہر گھر میں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، تجدیدی ، تصنیفی اور فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں ، ڈاکٹر طاہرالقادری نے تعلیم، فلاح عوام اور قرآن و سنت پر مبنی جتنا کام پاکستانی قوم، عالم اسلام کے لیے کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصانیف دور حاضر میں اسلام کو سمجھنے میں انتہائی مددگار اور معاون ہیں، عائشہ مبشر نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا 5ہزار موضوعات اور 8جلدوں پر مشتمل ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن علم مفصل ہے اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے اللہ کے کلام کو سمجھنے میں آسانی ہو گی، اس کے مطالعہ سے انسان یہ جان سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کس بات کا تقاضا کررہا ہے، وفد نے ڈاکٹر فرخندہ منظور کو بتایا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سینکڑوں کتب اور ہزاروں خطابات ایک تاریخی کارنامہ اور علمی اثاثہ ہیں جو صدیوں اسلام اور امت مسلمہ کیلئے خدمت کا ذریعہ بنے رہیں گے۔

(جاری ہے)

منہاج القران ویمن لیگ کے وفد نے ڈاکٹر فرخندہ منظور کو منہاج القران کے فلاحی اداروں اور منہاج یونیورسٹی کے وزٹ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔