مسلم لیگ (ن) نے پاکستان میں داعش کی موجودگی پر اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی

جمعہ 17 مئی 2019 20:36

Gلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2019ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پاکستان میں داعش کی موجودگی پر اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی،پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان پاکستان میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ برطانو ی نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں داعش کی تنظیم ’’ولایت پاکستان ‘‘ کے نام سے کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

داعش کی جانب سے اب تک دو دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کی جاچکی ہے لیکن حکومت اور دفتر خارجہ پاکستان میں داعش کی موجودگی کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔پاکستان میں دولت اسلامیہ کے وجود کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ایسا سوچنا کہ پاکستان میں دولت اسلامیہ کا وجود نہیں یہ اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے متراد ف ہے۔لہٰذا پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کیخلاف فوری ملک گیر آپریشن کیا جائے ۔داعش کی پاکستان میں تنظیم ’’ ولایت پاکستان‘‘ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔پاکستان میں اب کسی گڈ طالبان یا بیڈ طالبان کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔