۷نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں فائیو سٹار ہوٹل،جدید پارکنگ پلازہ اور ہوسٹل تعمیر کرینگے ، رائے تیمور خان بھٹی

I صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی زیرصدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم اجلاس، منصوبے کو اگلے سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنیکا فیصلہ یہ اہم منصوبہ ہے جو کئی سالوں سے زیر التواء تھاجس پرابتدائی کام شروع کردیا ہے، نجی شعبہ کے تعاون سے یہ منصوبہ جلدازجلد مکمل کیا جائے گا

جمعہ 17 مئی 2019 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2019ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی زیرصدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ و دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس میں نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت کھلاڑیوں کے لئے فائیو سٹار ہوٹل، جدید پارکنگ پلازہ اور ہوسٹل کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا، افسران نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم منصوبہ ہے جو کئی سالوں سے التواء میں پڑا تھا، حکومت نے اس اہم منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، اگلے سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کو شامل کررہے ہیں،نجی شعبہ کے تعاون سے یہ منصوبہ جلدازجلد مکمل کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قومی وسائل کو ضائع نہیں ہونے دیگی، قوم کی پائی پائی کی حفاظت کررہے ہیں، ماضی کی حکومتوں میں اس منصوبے کو نظر انداز کیا گیا، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں اس منصوبے کی اشد ضرورت ہے جس پر ابتدائی کام شروع کردیا گیا ہے، انشاء اللہ اس منصوبے کومقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائیوسٹار ہوٹل،جدید پارکنگ پلازہ اور ہوسٹل کی تعمیرکے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرے گا جس کی بنیاد پر نجی شعبہ کو پیشکش کریں گے، اس منصوبے کی تکمیل سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔کھلاڑیوں کو گرائونڈ کے قریب ہی قیام کی سہولت ملے گی اور پارکنگ کا مسئلہ بھی حل ی*ہوجائے گا، انہوں نے مزید بتایا کہ پارکنگ پلازہ میں جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :