Live Updates

حکومت نے سٹے بازوں کی جیب گرم کرنے کی تیاری کرلی

حکومت اسٹاک مارکیٹ کو بچانے کیلئے عوام کا 20 ارب سٹے میں لگانے جا رہی، غریبوں کا چولہا بے شک ٹھنڈا ہوجائے لیکن سٹے بازوں کی جیب گرم رہنی چاہیے۔ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 مئی 2019 20:41

حکومت نے سٹے بازوں کی جیب گرم کرنے کی تیاری کرلی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مئی 2019ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت اسٹاک مارکیٹ کو بچانے کیلئے غریبوں کا 20 ارب سٹے میں لگانے جا رہی ہے، غریبوں کا چولہا بے شک ٹھنڈا ہوجائے لیکن سٹے بازوں کی جیب گرم رہنی چاہیے۔انہوں نے ٹویٹرپر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے غریب مر گیا۔ سٹاک مارکیٹ کے سرمایہ دار کو بچانے کے لئے عوام کا20 ارب سٹہ پہ لگایا جا رہا ہے۔

غریب کا چولہا ٹھنڈا ھو جائے سٹے بازوں کی جیب گرم رہے۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اڑان اور اسٹاک مارکیٹ میں مزید مندی کو پیش نظر وفاقی حکومت متحرک ہوگئی ہے۔ وفاقی مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے وفد نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

مشیرخزانہ حفیط شیخ نے اسٹاک ایکسچینج حکام کو مارکیٹ کوسنبھالنے کے تمام اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سٹاک مارکیٹ کی بہتری کیلئے نیشنل انویسمنٹ ٹرسٹ کے ذریعے 20 ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا جائے گا۔ مزید برآں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر15 ہزار894 اعشاریہ 4 ملین ڈالر ہیں۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 10 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 138 ملین روپے کی کمی کے بعد 8.845 ارب ڈالر رہا۔

اس وقت میں مجموعی سیال (لیکوئیڈ ) زرمبادلہ کے ذخائرر15 ہزار894 اعشاریہ 4 ملین ڈالر ہیں۔کمرشل بنکوں کے پاس مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 7.048 ارب ڈالر ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے قبل عمران خان کو خود ہی اقتدار سے الگ ہوجانا چاہیے ورنہ عوام انہیں خود وزیر اعظم ہاؤس سے نکال دیں گے۔

ڈالر کی آج ایک سنچری اور ایک ففٹی ہو گئی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 151روپے تک پہنچ گیا ہے، معاشی ارسطو اسد عمر کی ناکامی کے بعد اب حماد اظہر کے مستعفی ہونے کی باری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے قبل عمران خان کو خود ہی اقتدار سے الگ ہوجانا چاہیے ورنہ پاکستان کے عوام ان کو خود وزیر اعظم ہائوس سے نکال دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات