چیئرمین سی ڈی ای کا مختلف ٹیموں کے ہمراہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن کا معائنہ

جمعہ 17 مئی 2019 20:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے سی ڈی اے کی ٹیموں کے ہمراہ مختلف شاہراؤں کے اطراف قائم کی گئی تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور ناظم الدین روڈ، مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر سینٹورس مال کی انتظامیہ کی طرف سے قائم کی گئی تجاوزات کے خاتمے کے بعد چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ جگہ پر روڈ سائنج کی تنصیب کے ساتھ ساتھ لین مارکنگ بھی کی جائے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ یہ شاہراہِ عام ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ باقی ماندہ تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ انفورسمنٹ کی مختلف ٹیمیں جناح ایونیو، بلیو ایریاء اور مارگلہ روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ایف سکس اور شاہراہِ دستور پر مختلف عمارات کی طرف سے سرکاری اراضی پر قائم کئے گئے ریمپس، جنریٹرز، باڑیں اور دیگر تجاوزات کو جمعہ کی شام تک ختم کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مختلف شاہراؤں کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا چکا ہے تاہم باقی ماندہ تجاوزات پاکستان میں سفارتی میشنز سے متعلقہ ہے جن کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کر دیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ وہ فارن مشننز کو شائستگی کے ساتھ از خود تجاوز ات کے خاتمے کی ہدایت کریں۔