امریکی صدر کی پیش کردہ نئی امیگریشن اصلاحات کو ڈیموکریٹس نے مسترد کردیا

ڈیموکریٹس نے ان اصلاحات کی مخالفت کی توآئندہ سال ریپبلکن ایوان سے بل منظور کرالیں گے،ٹرمپ

جمعہ 17 مئی 2019 21:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) امریکی صدر ٹرمپ کی پیش کردہ نئی امیگریشن اصلاحات کو ڈیموکریٹس نے مسترد کردیا ہے، صدرٹرمپ کی جانب سے مجوزہ اصلاحات میں تجویز دی گئی ہے کہ امریکہ میں اب امیگریشن کے لیے کینیڈا کی طرح پوائنٹس بیسڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے امریکی امیگریشن نظام کا اعلان کیا جس کی بنیاد بہتر جانچ پڑتال پر مشتمل ہے۔

اٴْنھوں نے کہا کہ یہ اچھا، جدید اور قانونی نظام ہے۔امریکی صدر کی طرف سے کہا گیاہے کہ اب میرٹ اورپیشہ وارانہ مہارت کی بنیاد پر دوسرے ملکوں کے شہریوں کو امیگریشن دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈیموکریٹس نے ان اصلاحات کی مخالفت کی توآئندہ سال ریپبلکن ایوان سے بل منظور کرالیں گے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت گرین کارڈز کی تعداد گزشتہ سالوں کے برابر ہی رکھی جائے گی۔

نیا امیگریشن سسٹم دنیا میں ہمیں قابل فخر بنائیگا۔صدر ٹرمپ نے نئی امیگریشن پالیسی میں موقف اختیار کیاکہ امریکہ مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ غیرقانونی تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے رہنے کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں بچی۔ادھر دونوں امریکی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اہم قانون سازوں کی رائے میں مجوزہ نظام کی کانگریس سے منظوری کا حصول مشکل نظر آتا ہے۔

ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ اسپیکرنینسی پلوسی نے امریکی صدر ٹرمپ کی نئی امیگریشن پالیسی پر سخت تنقید کی ۔ نینسی پلوسی نے کہا کہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی میرٹ پرنہیں بلکہ اپنی ذاتی پسند ہے۔نینسی پلوسی نے سوال اٹھایا کہ کیا خاندانوں کو ایک دوسرے سے جدا کرنا میرٹ ہی نینسی پلوسی نے کہا کہ وائٹ ہاؤس نے بدترین اور ناکام امیگریشن منصوبوں کونیاچہرہ دیا ہے۔