Live Updates

ٴ وزیر اعظم حکم کے باوجود ڈالر اور مہنگائی کا بڑھنا حکومتی ناکامی کی بڑی دلیل ہے،لیاقت بلوچ

9تحریک انصاف ملک کو سنبھال نہیں پارہی ،حکومت کو پارلیمنٹ میں موجود نمائندہ سیاسی جماعتوں اور قیادت کا اعتماد حاصل کرنا چاہئے ،نائب امیر جماعت اسلامی کا خطاب

جمعہ 17 مئی 2019 21:20

۹لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم کے بعد بھی ڈالر میں مسلسل اور بے تحاشا اضافہ اور مہنگائی کی بدترین لہر حکومت کی نااہلی ، بے بسی اور ناکامی کی بڑی دلیل ہے ۔تحریک انصاف کی حکومت ملک کو سنبھال نہیں پارہی ،حکومت کو پارلیمنٹ میں موجود نمائندہ سیاسی جماعتوں اور قیادت کا اعتماد حاصل کرنا چاہئے ۔

حکمران اور ریاستی ادارے آئین پاکستان سے انحراف کے رویے کو بند کردیں اور قرآن و سنت کو بالادست قانون تسلیم کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو اور جامع مسجد عائشہ صدیقہ ؓ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان انفرادی اور اجتماعی اصلاح کا جامع اور مربوط پروگرام ہے۔

روزہ کا اصل پیغام احساس ذمہ داری ،غم گساری ،دوسروں کے دکھ درد کو جاننا اور احترام انسانیت ہے ۔اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں پاکستان کو ایک آزاد اور خود مختار ملک بنایا ۔اللہ کے دین کا نفاذ ہی پاکستان کو مسائل ،بحرانوں اور ذلت و رسوائی سے نجات دلاسکتا ہے ۔لیاقت بلوچ سے ملاقات میں وفدکے ساتھ طے پایا کہ سود کے خاتمہ کیلئے وفاقی شرعی عدالت میں پٹیشن کی جاری سماعت اور سپریم کورٹ میں فحاشی و عریانی کے خلاف سالہا سال سے زیر سماعت پٹیشن کی پیروی کی جائے گی ۔پاکستان کے لئے آئی ایم ایف ،استعماری تہذیب اور قرضے زہر قاتل ہیں ۔پاکستان کی سلامتی کی حفاظت ،ترقی اور خوشحالی صرف اور صرف نظام مصطفیﷺ سے ممکن ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات