ھ* عوام پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے والوں کا ساتھ دے،فرید پراچہ

مدینہ کی اسلامی ریاست کا مطلب اللہ کی حاکمیت اعلیٰ کا نام ہے اور قرآن کا عادلانہ نظام ہے،نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 17 مئی 2019 21:20

) لاہور (آن لائن)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے یمبو سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے شرکاء اور بعدازاں شب بیداری کے اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو پاکستان کا تحفہ 27رمضان المبارک کی رات عطا فرمایا اب پاکستانیوں پر یہ بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قرآن پاک کے نظام کے ساتھ بے وفائی اور غداری نہ کریں او ر جس عظیم مقصد کیلئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا اس کو پورا کرنے کیلئے دل و جان سے پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کا ساتھ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کیلئے عوام کو ان لوگوں کا ساتھ دینا چاہئے جن پر اسلامی ریاست کا مفہوم واضح ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ مدینہ کی اسلامی ریاست کا مطلب اللہ کی حاکمیت اعلیٰ کا نام ہے اور قرآن کا عادلانہ نظام ہے ۔امن اورسلامی کا نام اور خدا سے ڈرنے والے حکمرانوں کا نام ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس مشن کو لیکر اٹھی ہے اور ہم پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک میں ہوں یا بیرون ملک انہیں پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہئے ۔

پاکستان کے عوام کو بار بار کانٹوں پر زبان رکھنے کی بجائے کبھی پھولوں کو بھی سونگھنا چاہئے اور ملک میں اللہ کے نظام کا بھی ساتھ دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مایوسیاں دور کرکے امید کے چراغ روشن کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ہم یہ چاہتے ہیں پاکستان سے کرپشن اور قرضوں کی معیشت ختم ہو۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یقین ہونا چاہئے کہ پاکستان میں دیانتدار لوگوں کی وہ جماعت موجود ہے جو ملک میں اسلامی نظام قائم کرنے کی پوری صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہے ۔