ڈپٹی کمشنر سینٹرل فرحان غنی کی زیر صدارت اجلاس‘ ضلع وسطی کو تجاوزات سے پاک کرنا، ٹریفک کی روانی کو ممکن بنانا اور لاء اینڈ آڈر کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 17 مئی 2019 21:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل فرحان غنی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی شرکت، اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اسسٹنٹ کمشنرز، سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز، ٹریفک پولیس، علاقائی پولیس اور عوامی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں تین اہم امور پر گفتگو ہوئی اور فیصلے کئے گئے جن میںرمضان میں ضلع وسطی کو تجاوزات سے پاک کرنا، ٹریفک کی روانی کو ممکن بنانا، لاء اینڈ آڈر کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنا، اجلاس میں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ تجاوزات شہر کی خوبصورتی پر بد نما داغ ہیں۔

(جاری ہے)

تجاوازت کی بھر مار کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہونے کہ ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ وسطی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات خصوصاً انٹر سٹی اور کنٹریکٹ ٹرانسپورٹ آپریٹرز کی جانب سے ناجائز پارکنگ قائم کئے جانے کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہورہی ہے جس کے سد باب کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن نہایت ضروری ہے خصوصاً فلائی اوورز کے نیچے قائم کئے جانے والی پارکنگ کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ ٹرانسپورٹرز کووارننگ دی جائے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیاں ہٹائیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں چائے کے ہوٹلوں اور پکوان سینٹرز کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے بلکہ عوام کی آمد و رفت میں بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ جبکہ فلائی اوورز کے نیچے انٹر سٹی ٹرانسپورٹرز نے اپنی گاڑیوں کو پارک کرنے کے لئے قبضہ کررکھا ہے اور باقاعدہ جنگلے بھی لگادیئے ہیں۔

اس صورتِ حال میں ایک جانب تو سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ ہورہا ہے دوسری جانب عوام کو بھی پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ مذکورہ ناجائز پارکنگ کے علاقوں سے گزرنا ممکن نہیں ہے۔ دیگر یہ کہ ڈینٹرز اور پینٹرز نے سڑکوں پر جو پرانی گاڑیاں کھڑی کردی ہیں وہ بھی مشکل کا سبب بن رہی ہیں۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر صٖفائی کے کام میں رکاوٹ اور دشواری پیدا ہورہی ہے۔ اس اجلاس میں یہ طے پایا کہ اب ان تمام تجاوزات کو ختم کردیا جائے گا اور ضلع کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے محکمہ باغات کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ جہاں جہاںممکن ہو پھولوں کے پودے لگائے اور عوام کو ایک خوشگوار احساس میں شہری زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرے۔