بحرین: منامہ میں تارکین وطن کے لیے روزانہ افطاری کا اہتمام

منامہ حکومتی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ 850 تارکین کو افطاری کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 مئی 2019 11:19

بحرین: منامہ میں تارکین وطن کے لیے روزانہ افطاری کا اہتمام
منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18 مئی 2019ء) بحرین کے دارالحکومت منامہ کی انتظامیہ کی جانب سے تمام رمضان المبارک کے دوران منامہ سوق میں تارکین کو افطار کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے روزانہ 850 تارکین وطن کو افطار کرایا جاتا ہے۔ جبکہ مملکت میں موجود غیر مُلکیوں اور بحرینی حکومت کے درمیان تعلقات کو مضبوطی دینے کی خاطر بحرین کے تمام علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں تارکین میں افطار کے پیکٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

دارالحکومت منامہ کے گورنر شیخ ہشام نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے منامہ سوق میں پچیس ہزار غیر مُلکیوں کو افطار کی سہولت حاصل ہو رہی ہے۔ جبکہ بحرینی عوام کی جانب سے بھی رمصان کے دوران اپنے غیر مُلکی مسلمان بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے افطار پارٹیوں کا اہتمام الگ سے کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

منامہ میں روزانہ 850 تارکین کے لیے لگایا گیا افطار کیمپ سوشل پروگرام اینڈ کمیونٹی افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر شیخ عیسیٰ بن الخلیفہ کی نگرانی میں کام کر رہا ہے جو روز موقع پر موجود ہوتے ہیں۔

شیخ ہشام کا اس افطار کیمپ کے حوالے سے کہنا تھا ”بحرینی مملکت اپنے ثقافتی پس منظر کے مطابق انسانیت کی بھلائی اور مہمان نوازی میں یقین رکھتی ہے اور ضرورت مند افراد کی امداد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ رمضان المبارک کے علاوہ بھی بحرینی حکومت کی جانب سے مقامی اور غیر مُلکی افراد کی فلاح و بہبود کے مختلف پروگراموں پر عمل کیا جاتا ہے۔“