Live Updates

جہانگیر ترین کی خواہش پر اسد عمر کو وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا

مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے اسد عمر کے استعفے سے متعلق انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 مئی 2019 11:39

جہانگیر ترین کی خواہش پر اسد عمر کو وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے سے متعلق انکشاف کر دیا ۔ تفصیلات کےمطابق سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ اسد عمر کو جہانگیر ترین کی خواہش پر عہدے سے ہٹایا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ اسد عمر کو وزارت خزانہ چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا۔

اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتےہیں کہ اسد عمر وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت پٹرولیم سنبھال لیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا تھا۔ اسد عمر نے بالکل صحیح انکار کیا۔ کیونکہ آپ کی پروفیشنل انا ہوتی ہے اور اگر آٹھ مہینے میں آپ کا لیڈر آپ کو فارغ کر دے تو ہم بھی اسی طرح کا رد عمل دیں گے جیسا اسد عمر نے دیا۔

(جاری ہے)

محمد زبیر نے کہا کہ ایسا کرنے سے حکومت کو کیا فائدہ ہوتا ہے کیا نہیں یہ تو آگے جا کر حالات ہی بتائیں گے۔

اسد عمر نے جو اب وزارت خزانہ کی قائمہ کمیٹی کی چئیرمین شپ سنبھالی ہے یہ ان کا بہترین فیصلہ ہے۔ کیونکہ اب وہ حکومت پر نکتہ چینی بھی کر سکیں گے۔ اب چونکہ وہ قائمہ کمیٹی کے چئیرمین ہیں لہٰذا وہ کسی کو بھی طلب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسد عمر کو جہانگیر ترین کی خواہش پر ہٹایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسد عمر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران وزارت خزانہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ میں بھی اُکھاڑ پچھاڑ کی گئی اور کئی وزرا کے قلمدان تبدیل کیے گئے تھے۔

اسد عمر کو وزارت خزانہ کی جگہ وزارت پٹرولیم کا قلمدان دینے کی پیشکش کی گئی جسے اسد عمر نے ٹُھکرا دیا تھا۔ جس کے بعد اسد عمر کو کابینہ کا حصہ رہنے کے قائل کرنے کی کافی کوشش کی گئی تاہم اب اسد عمر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چئیرمین تعینات کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات