پاکستانی پرکشش گلوکار و اداکار علی ظفر 39سال کے ہوگئے

دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

ہفتہ 18 مئی 2019 12:23

پاکستانی پرکشش گلوکار و اداکار علی ظفر 39سال کے ہوگئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) پاکستان کے پرکشش گلوکار و اداکار علی ظفر 39سال کے ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکارواداکار علی ظفر 39 سال کے ہوگئے ہیں وہ 18مئی 1980 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے شوبز کریئر کا آغاز ڈراموں میں اداکاری کے بعد فلم شرارت کیلئے گانے ’جگنوں سے بھرلوں آنچل‘ سے کیا تاہم ان کی پہچان ان کی پہلی البم حقہ پانی کے گانے ’چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے‘ سے بنی۔

اس گانے کی البم ’حقہ پانی‘ کی دنیا بھر میں 50 لاکھ کاپیز فروخت ہوئیں۔بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے علی ظفر نے بالی ووڈ کی کئی سٴْپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔اٴْن کی بالی ووڈ فلمو ں میں ’تیرے بن لادن‘، ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’کل دل‘، اور ’چشم بدور‘ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی یہ تمام فلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں اوران کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔

علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم ’طیفا اِن ٹربل ‘گزشتہ برس 20جولائی کو پاکستان سمیت 24 ممالک میں نمائش کیلئے پیش کی گئی تھی۔ لازوال اداکاری اور بہترین کہانی کی بدولت یہ فلم باکس آفس پر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہی۔ اداکار کی ایکشن کامیڈی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے دنیا بھر میں 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم نے پہلے ہی روز 2 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور پاکستان کی کامیاب فلم قرار پائی تھی۔پاکستان میوزک انڈسٹری کو کئی شاندار گانے دینے والے علی ظفرکو سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات کا تانتا بندھا ہوا ہے۔