کراچی میں پولیس موبائل پر حملہ،2اہلکار معمولی زخمی، جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک،3فرارہونے میں کامیاب

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایک دہشتگرد ہلاک ،3ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، عرفان بہادر

ہفتہ 18 مئی 2019 13:03

کراچی میں پولیس موبائل پر حملہ،2اہلکار معمولی زخمی، جوابی کارروائی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) سپر ہائی وے پر دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کردی ، جس سے 2 اہلکار معمولی زخمی ہوگئے،پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد مارا گیاجبکہ اس کے تین ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپر ہائی وے پر چاکر ہوٹل کے قریب 4 دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کردی، 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 حملہ آوروں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایک دہشتگرد ہلاک اور اس کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے میں 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

زخمی اہلکاروں اور دہشتگرد کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہلاک دہشتگرد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔اس ضمن میں ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی موبائل کو نشانہ بنایا جبکہ دستی بم حملے سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب کیا جا رہا ہے تاہم ہلاک حملہ آور سے ایک پستول برآمد ہوا ہے اور ہلاک حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے۔عرفان بہادرنے بتایاکہ مقابلے کے دوران 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں کانسٹیبل عظمت اور اے ایس آئی حیات شامل ہیں، جنہیں طبی امدادکے لیے اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔