Live Updates

پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کی تجویز پیش کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 مئی 2019 12:39

پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) : پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لیے بجٹ میں خوشخبری آنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 275 بلین مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

تنخواہوں میں اضافے کے امکان کی خبر نے سرکاری ملازمین کو بھی خوش کر دیا ہے۔ سرکاری ملازمین کا کہنا ہے کہ جس تیزی سے ڈالر کی قیمت اور مہنگائی بڑھ رہی ہے حکومت کو چاہئیے کہ تنخواہوں میں اضافے کو جلد از جلد ممکن بنائے تاکہ عام آدمی مہنگائی کا مقابلہ کرسکے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پر خدا ہی رحم کرے، اگر حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھائیں تو عوام سڑکوں پر آجائے گی۔بد قسمتی سے عمران خان کے منہ سے اچھے الفاظ نہیں نکلتے۔ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ میں سونامی بن کر آؤں گا۔ سونامی کا مطلب ہی تباہی ہے۔ مہنگائی کے باعث وہ موٹر سائیکل والا جو پچاس روپے میں پٹرول کا لیٹر لیتا تھا اور آج وہ ڈیڑھ سو روپے میں ایک لیٹر پٹرول خرید رہا ہے۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم سے کم پچاس فیصد اضافہ کیا جائے۔ تاکہ عوام کی مشکلات میں کچھ کمی ہو سکے۔ خیال رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوام کافی پریشان ہو کر رہ گئی ہے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ اور پیسے کی قدر میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس نے عوام میں مزید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات