شاہین آفریدی بھارت کیخلاف میچ عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانے کے خواہاں

وسیم اکرم کی ویڈیوز سے کلائی پوزیشن کے بارے میں سیکھتا ہوں، وقار یونس یار کر اور سوئنگ بہترکرنے کے مشورے دیتے رہتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 مئی 2019 13:49

شاہین آفریدی بھارت کیخلاف میچ عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانے کے خواہاں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2019ء) شاہین شاہ آفریدی نے بھارت سے میچ پر نظریں جما لیں، وہ اسے عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔ایک انٹر ویو کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کم عمری میں پاکستان کی نمائندگی اور خاص طور پر ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں بڑی مضبوط ہیں، گرین شرٹس کو بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، مجھے جہاں بھی موقع ملا ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر19 سالہ پیسر نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ہی بڑا ہوتا ہے، میں اس مقابلے میں اپنی بہترین پرفارمنس سے پاکستان کی فتح میں یادگار کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔تجربہ کار پیسرز کا خلا پرکرنے کا اضافی دباﺅ ہونے کے سوال پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آج کی کرکٹ میں فاسٹ باﺅلر ہمیشہ پریشر میں کھیلتا ہے، میں اپنا 100 فیصد کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم ورلڈ کپ کیلئے سخت محنت کر رہی ہے، تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بڑے بھائی ریاض آفریدی نے بولنگ کے گر سکھائے، وسیم اکرم کی ویڈیوز سے خاص طور پر کلائی پوزیشن کے بارے میں سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، وقار یونس مجھے یار کر اور سوئنگ میں بہتری لانے کیلیے مشورہ دیتے رہتے ہیں۔