دُبئی میں مقیم بھارتی نوجوان نے ہم وطن کے ٹرک کو آگ لگا کر راکھ بنا دیا

عدالت کی جانب سے ملزم کو تین ماہ قید اور جرمانے کی سزاسُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 مئی 2019 14:19

دُبئی میں مقیم بھارتی نوجوان نے ہم وطن کے ٹرک کو آگ لگا کر راکھ بنا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18 مئی 2019ء) دُبئی کی عدالت نے ایک بھارتی نوجوان کو اپنے ہم وطن نوجوان کے ٹرک کو نذرِ آتش کرنے کے جُرم میں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا اور اسے ڈی پورٹ کیے جانے کے سزا بھی سُنائی ہے۔ استغاثہ کے مطابق 26 سالہ ملزم اور اس کا ہم وطن دونوں مملکت میں شراب کے غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔ دسمبر 2018ءکو پولیس کو اطلاع مِلی کہ صحرائی علاقے میں پارک کیے گئے ایک ٹرک کو آگ لگی ہوئی ہے۔

اس ٹرک کو آگ لگنے کے باعث پاس کھڑی تین گاڑیاں بھی شعلوں کی زد میں آ گئی تھیں۔ آگ بجھانے والا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ تاہم اس دوران ٹرک جل کر پُوری طرح راکھ بن چُکا تھا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ تفتیش کے بعد پتا چلا کہ ملزم نے دُشمنی کی بناءپر اپنے ہم وطن کے ٹرک کے فیول ٹینک کے نیچے لکڑی کے بکسے رکھ کر اُنہیں آگ لگا دی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے باعث فیول ٹینک نے آگ پکڑ لی۔

اس دوران یہ بھی پتا چلا کہ ملزم اور جلائے گئے ٹرک کا مالک دونوں مملکت میں غیر قانونی طور پر شراب کی فروخت کا کام کرتے تھے۔ جلایا گیا ٹرک بھی شراب کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ دونوں کے درمیان علاقہ بندی کے حوالے سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد ملزم نے یہ حرکت کر کی۔ اس واقعے میں ایک نیپالی شہری کی 30 ہزار درہم مالیت کی نسان گاڑی بھی جل کر خاک ہو گئی۔ عدالت کی جانب سے ملزم پر قیمتی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 65 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔