سوشل میڈیا کے ذریعے سادہ لوح خاتون کو کروڑوں روپے سے محروم کرنے والا جعلساز گرفتار

ملزم سی 64 لاکھ روپے نقد اور 40 لاکھ روپے مالیت کا چیک برآمد

ہفتہ 18 مئی 2019 14:52

سوشل میڈیا کے ذریعے سادہ لوح خاتون کو کروڑوں روپے سے محروم کرنے والا ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) پشاور پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے خاتون کو کروڑوں روپے سے محروم کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا،ملزم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خود کو اعلیٰ سول افسر ظاہر کر کے خاتون سے جعلسازی کے ذریعے حیات آباد میں سرکاری ملکیتی نرسری فروخت کرتے ہوئے ایک کروڑ دس لاکھ روپے ہتھیالیے تھے، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضے سے 64 لاکھ روپے نقد اور 40 لاکھ روپے مالیت کا چیک برآمد کر لیا گیا ، ملزم کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مدعیہ مسما (ع)نے تھانہ حیات آباد پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ایک شخص نے خود کو اعلیٰ سول افسر ظاہر کرتے ہوئے اس کے ساتھ کاروباری روابط بڑھاتے ہوئے حیات آباد میں واقع پی ڈی اے کی ملکیتی نرسری فیری میڈوز فروخت کرنے کی آفر کی جس پر مدعیہ نے جعلی سول افسر کو ایک کروڈ دس لاکھ روپے دے کر متذکرہ نرسری خریدی جو بعد میں معلوم ہوا کہ متذکرہ نرسری سرکاری ملکیت ہے، جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی’ایس پی کینٹ وسیم ریاض نے جعلسازی کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین اور ایس ایچ او تھانہ حیات آباد کامران خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا۔

(جاری ہے)

اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم جدید سائنسی طرز پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے جعل سازی میں ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئی جبکہ گزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے ذریعے مدعیہ خاتون سے جعلسازی کے ذریعے کروڑوں روپے ہتھیانے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضے سے 64 لاکھ روپے نقد اور40 لاکھ روپے مالیت کا چیک برآمد کر لیا گیا۔ ملزم کو مزیدتفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔