چیچہ وطنی،کمشنر ساہیوال کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سپیڈ لمٹ چیک کرنے، اوور لوڈنگ روکنے، سٹاپ کے بغیر گاڑی کھڑ ی نہ کرنے کی ہدایت

ہفتہ 18 مئی 2019 15:25

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے بسوں کی تیز رفتاری اور آئے روز حادثات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ میں سپیڈ لمٹ کو چیک کرنے ،اوور لوڈنگ کو روکنے اور سٹاپ کے بغیر گاڑی کھڑ ی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تمام روٹس کا کرایہ نامہ متعلقہ بسوں اور ویگنوں میں نمایاں جگہ پر بھی چسپاں کرنے کی ہدایت ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور لاری اڈا ساہیوال سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس میں دیں جس میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن ایس ڈی خالد ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عبدالستار غفار،ڈی ایس پی ٹریفک ریاض احمد اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کالج چوک میں ایک نجی بس کے حادثے میں طالبعلم کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ بسوں کے تمام ڈرائیوروں کو تیز رفتاری پر قابو پانے کی سختی سے ہدایت کی جائے اور اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے۔ انہوں نے جنرل بس سٹینڈ پر سہولیات کے فقدان اور صفائی کے ناقص انتظامات پر میونسپل کارپوریشن کے تعینات مینجر اور متعلقہ کلرک کو فوری معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے میونسپل آفیسر ریگولیشن کو بس اڈوں کے معاملات کو بہتر بنانے کی ذمہ داری تفویض کی۔

انہوں نے اڈوں سے ہونے والی آمدنی اور اخراجات کا مکمل حساب چیک کرانے اور اڈوں سے تجاوزات کو فوری ختم کرنے کی بھی ہدایت کی -کمشنر عارف انور بلوچ نے ڈی سی ساہیوال کو شہر میں اربن ٹرانسپور ٹ چلانے کے احکامات اور اس سلسلے میں رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی تا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات حاصل ہو سکیں۔