بنگلہ دیش نے سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت لی

بنگال ٹائیگرز نے فیصلہ کن معرکے میں کالی آندھی کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 وکٹوں سے شکست دی، مصدق حسین کی دھواں دار ففٹی، مصدق میچ اور شائی ہوپ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 18 مئی 2019 16:29

بنگلہ دیش نے سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت لی
ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) بنگلہ دیش نے سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت لی، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں ویسٹ انڈین ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 وکٹوں سے شکست دی، ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 24 اوورز میں ایک وکٹ پر 152 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش تھمی تو کالی آندھی کی اننگز کو یہیں پر ختم کر کے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جیت کیلئے 24 اوورز میں 210 رنز کا ہدف دیا گیا جو اس نے 22.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، سومیا سرکار 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، مصدق حسین نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، مصدق میچ اور شائی ہوپ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

ڈبلن میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 24 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، شائی ہوپ 74 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، سنیل ایمبرس 69 اور ڈیرن براوو 3 رنز پر کھیل رہے تھے، بارش کی وجہ سے ویسٹ انڈین ٹیم کی اننگز کو یہیں پر ختم کر دیا گیا اور بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 24 اوورز میں 210 رنز کا ہدف ملا، بنگال ٹائیگرز نے مطلوبہ ہدف 23ویں اوور میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے ٹیم کو 59 رنز کا آغاز دیا، تمیم 18 رنز بنا کر گبرائل کی گیند کا نشانہ بنے، صابر رحمان بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، انہیں بھی گبرائل نے اپنا شکار بنایا، 109 کے سکور پر سومیا سرکار 66 رنز بنانے کے بعد ریفر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، مشفق الرحیم 36 رنز بنا سکے، محمد متھن 17 رنز بنا سکے، 143 کے سکور پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد مصدق حسین اور محموداللہ نے میدان سنبھالا، مصدق نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی اور 24 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کالی آندھی کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، محموداللہ 19 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، گبرائل اور ریفر نے دو، دو اور فابین ایلن نے ایک وکٹ لی۔