قمر الزمان کائرہ کے صاحبزادے اسامہ کائرہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک ،رسم قل کل ادا کی جائیگی

نماز جنازہ میں بلاول بھٹو ،آصف زرداری، شیخ رشید، اعتزاز احسن، غلام سرور خان، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف ،سید مراد علی شاہ، عثمان ڈار، ندیم افصل چن، لطیف کھوسہ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے سینئر سیاستدانوں کی شرکت

ہفتہ 18 مئی 2019 16:29

قمر الزمان کائرہ کے صاحبزادے اسامہ کائرہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ..
لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ کے صاحبزادے اسامہ کائرہ کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسامہ کائرہ کی نماز جنازہ لالہ موسی میں ہی ادا کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن، وفاقی وزیر غلام سرور خان، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، عثمان ڈار، ندیم افصل چن، لطیف کھوسہ سمیت پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سینئر سیاستدانوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی ۔

(جاری ہے)

قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر مرحوم کی رسمِ قل آج بروز (اتوار ) 19مئی دن 9 بجے شروع ہو گی اور دعا 11 بجے انکی رہائش گاہ کائرہ ہائوس لالہ موسی میں ادا کی جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اوران کے دوست لالہ موسی کے قریب گاڑی کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ اسامہ قمر اپنے دوستوں کے ہمراہ لاہور سے لالہ موسی آ رہے تھے کہ تیزرفتاری کے باعث گاڑی درخت سے جا ٹکرائی، ان کا ایک دوست حمزہ بٹ بھی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا زخمی ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔