وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کا کامظفرآباد شہر کا دورہ

ویسٹرن بائی پاس گوجرہ کی جلد تکمیل ، لوئر پلیٹ کے مقام پر پل نصب کرنے، اپر چھتر میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور نالیوں کیلئے فوری طو ر پر رقم جاری کرنے کا حکم

ہفتہ 18 مئی 2019 16:35

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے بغیر پروٹول مظفرآباد شہر کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے ویسٹرن بائی پاس گوجرہ کی جلد تکمیل ، لوئر پلیٹ کے مقام پر پل نصب کرنے، اپر چھتر میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور نالیوں کیلئے فوری طو ر پر رقم جاری کرنے کا حکم دیدیا ۔

وزیر اعظم نے ایگر و ٹیک گرائونڈ کی فینسنگ کے کام کا معائنہ اور عید گاہ کی اراضی کو محفوظ بنانے اور قبرستانوں کیلئے جگہ کو فوری طور پر نشاندہی کرکے علیحدہ کر نے کی ہدایت، چھتر سیکرٹریٹ سے متصل ایف ڈبلیو او سے واپس لیے گئے ریسٹ ہائوسز کی تزین و آرائش کی ہدایت اور فوری طور پور سکیم مرتب کر کے منظوری حاصل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف، صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ سلیم چشتی، سیکرٹری ورکس غلام بشیر مغل، ایڈوائزر پی اینڈ ڈی طارق محمود شعلہ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول، ڈپٹی کمشنر بدرمنیرودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعظم نے بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور موقع پر جاکر لوگو ں کو درپیش مشکلات کے حل کے حوالے فوری احکامات دیے،شہری وزیر اعظم کو اپنے درمیان پاکر خوش ہو گئے ۔

وزیر اعظم نے بالا پیر میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی میں مصروف عملے کی حوصلہ افزائی کی ان کے پاس رکے اور ان کے کام کو سراہا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مظفرآباد ریاست کا دارلحکومت اور ہمارا چہرہ ہے اس کی خوبصورتی صفائی ستھرائی ہماری ذمہ داری ہے عوام بھی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردارا دا کریں ۔شہر میں درختوں کی شدید کمی کے باعث گرمی کی شد ت میں اضافہ ہو رہا ہے اس حوالے سے ایک گھرکم از کم ایک پودا لگانے کی سوچ پر عمل کیا جائے ۔

محکمہ جنگلات و زراعت اس حوالے سے عوام کو پودا جات کی فراہمی یقینی بنائیں ۔ مظفرآباد شہر کا حسن اس کی سرسبز و شاداب خوبصورتی تھی جو دن بدن کم ہو رہی ہے ۔ حکومت کے ساتھ ساتھ شہری جب تک اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرینگے اس وقت تک مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کو اس موقع پر شہر کے اند ر مختلف منصوبہ جات اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے کہاکہ آمدہ بجٹ میں مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے بڑے شہروں کیلئے میگا پراجیکٹس شامل کیے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے شہر کے مختلف مقامات پر دورہ کیا اور وہاں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور نئے منصوبہ جات بھی تجویز کیے ۔

متعلقہ عنوان :