محمود احمد خان ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ، پیٹریشین اسٹار باسکٹ بال کلب نے عثمان باسکٹ بال کلب کوشکست دے دی

ہفتہ 18 مئی 2019 18:06

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے محمود احمد خان ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر شاندار آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ساکنان شہر قائد کے سیکریٹری محمود احمد خان، کموڈور ثاقب احمد، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، قومی سلیکٹر و انٹر نیشنل پلیئر عبدالناصر خان اور دیگر موجود تھے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میں پیٹریشین اسٹار باسکٹ بال کلب نے مد مقابل عثمان باسکٹ بال کلب کو 45-39 پوائنٹس سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

فاتح کلب کی جانب سے رچرڈ بلیزے 18، ہینڈی لارکن 10اور جوناتھن ڈیسوزا نی10جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے حسن اقبال 10، شارق اور حمزہ خواجہ 9،9 اور دنیال خان نی6 پوائنٹس اسکور کئے۔ ریفریز کے فرائض طارق حسین، زاہد ملک اور مصنف شاہ نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز زعیمہ خاتون، راج کمار اور ممتاز احمد تھے۔

قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد نے اعلان کیا کہ وائی ایم سی اے پر ہاکی اور باسکٹ بال کے گرائونڈ اور کورٹ پر تعمیراتی کاموں کا آغاز رواں ماہ شروع ہوجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کی سرپرستی میں ضلعی انتظامیہ کراچی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

ا نہوں نے کہاکہ شہر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنا یا جائیگا۔ ڈپٹیک کمشنر سائوتھ نے محمد احمد خان کی شہر کراچی میں ثقافتی ادبی اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے بے مثال خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد نے کراچی گیمز میں شرکت کرنے والی باسکٹ بال ٹیموں کو انعامات بھی دیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے منتظم اعلیٰ غلام محمد خان نے ڈسٹرکٹ سائوتھ میں کھیلوں کے فروغ اور سرپرستی کے ساتھ کھیلوں میدانوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد سے اظہار تشکر کیا۔