وزیراعلیٰ پنجاب سے بھکر کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے لواحقین کی ملاقات

زخمی طالبات کے لواحقین ، بارشوں اور آسمانی بجلی سے متاثرہ افراداورانکے اہلخانہ نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی وزیراعلیٰ سے کوٹلہ جام میں اغواء کے بعد قتل ہونے والے بچے محمد حبیب کے والد محمدشکیل نے بھی ملاقات کی وزیراعلیٰ نے لواحقین میںمجموعی طور پر 54لاکھ روپے مالیت کے مالی امداد کے چیک تقسیم کیے

ہفتہ 18 مئی 2019 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں بھکر کے قریب ایم ایم روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے لواحقین نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ سے ایم ایم روڈ پر ٹریفک حادثے میں زخمی طالبات کے لواحقین ، شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے متاثرہ افراداوران کے لواحقین نے بھی ملاقات کی جبکہ وزیراعلیٰ سے کوٹلہ جام میں اغواء کے بعد قتل ہونے والے بچے محمد حبیب کے والد محمدشکیل نے بھی ملاقات کی ۔

وزیراعلیٰ نے متاثرہ افراد سے ہاتھ ملایا اورانہیں دلاسہ دیا۔وزیراعلیٰ نے لواحقین میںمجموعی طور پر 54لاکھ روپے مالیت کے مالی امداد کے چیک تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد کے چیک دیئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے جاں بحق طالبہ اقراء رفیق کے والد محمد رفیق، سویرا شفیق کے والد محمد شفیق، مریم کے تایاابومحمد اکبر، ثوبیہ ارشد کے والد ارشد علی، عفت احمد کے والد ظہور احمد، مہرین یعقوب کے والد محمد یعقوب اور رکشہ ڈرائیور محمد امجد کے والد نذیر احمد کو مالی امداد کے چیک دیئے۔

وزیراعلیٰ نے زخمی طالبہ ثانیہ بتول کے والدملازم حسین اورزخمی طالبہ ثنا ء پروین کے دادا فقیر حسین کوایک ایک لاکھ روپے مالیت کے چیک دیئے۔وزیراعلیٰ نے بارش کے باعث گھر گرنے سے شدید زخمی ہونے والی تہمینہ کے والد منظور حسین کو 3 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا جبکہ منظور حسین کو گھر کی تعمیر ومرمت کے لئے ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیاگیا۔

وزیراعلیٰ نے آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق سمیرا کے والد محمد اسلم کو 8 لاکھ روپے اورمقتول بچے محمد حبیب کے والد کومحمد شکیل کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اورجاں بحق طالبات کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں آپ کے پیاروں کے بچھڑنے کا دلی افسوس ہوا ہے۔

پنجاب حکومت کی ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ حکومت آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ زخمی طالبہ ثناء کے علاج معالجے کیلئے ہر طرح کی مدد کریںگے۔ انہوںنے کہا کہ بچی کے علاج معالجے کی ذمہ داری حکومت کی ہے جو احسن طریقے سے نبھائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے مطالبے پر سرائے مہاجر میں ہائر سکینڈری سکول کے قیام کابھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہائر سکینڈری سکول کے قیام سے بچیوں کو سفر کی مشکلات سے چھٹکارا ملے گا۔وزیراعلیٰ نے گاؤ ں میں نمبردارکو بھی جلد مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ، ڈپٹی کمشنر بھکراورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔