ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے معطل کنٹرولر کی دوبارہ تعیناتی کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج بن گئے

ہفتہ 18 مئی 2019 19:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے معطل کنٹرولر کی دوبارہ تعیناتی کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج بن گئے، دفتری امور کے ٹھپ ہونے سے کنٹرولر دوبارہ سے عہدہ کا چارج بھی نہیں لے سکے، ملازمین نے کنٹرولر تعیناتی کے خلاف مقامی عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے زیرانتظام منعقدہ میٹرک امتحانات 2019ء کے دوران پرچہ آئوٹ ہونے پر کنٹرولر جہاد محمد کو مجاز حکام کی طرف سے معطل کر دیا گیا تھا جو گذشتہ روز عدالت سے بحیثیت کنٹرولر اپنی بحالی کا آرڈر لے کر آئے، بورڈ ملازمین نے ان کے دفتر پہنچتے ہی شدید احتجاج شروع کر دیا جس کی وجہ سے ملازمین ین سرکاری امور کا مکمل بائیکاٹ کیا۔

کنٹرولر تعیناتی کے خلاف ملازمین نے مقامی عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کر رکھا ہے جس کی چیئرپرسن بورڈ ڈاکٹر شائستہ ارشاد نے تصدیق بھی کر دی ہے۔ ڈاکٹر شائستہ ارشاد نے مزید کہا کہ کنٹرولر بحالی معاملہ میں انہیں کسی قسم کے اعلیٰ سطحی یا سیاسی دبائو کا سامنا نہیں ہے۔