Live Updates

اضافی حج کوٹہ کے تحت قرعہ اندازی 20مئی کو ہو گی

پہلی قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے درخواست گزاروں کے لیے دوسری قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 18 مئی 2019 21:20

اضافی حج کوٹہ کے تحت قرعہ اندازی 20مئی کو ہو گی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی2019ء) حج 2019 کے لیے ہونے والی پہلی قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے درخواست گزاروں کے لیے حکومت نے نئے موصول شدہ کوٹے کے تحت دوسری قرعہ اندازی کا اعلان کردیا ہے۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستوں میں دوسری قرعہ اندازی پیر 20 مئی کی دوپہر 3 بجے ہوکی جائے گی۔اس قرعہ اندازی میں میں تقریباً 10 ہزار عازمین حجاج کا انتخاب کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پہلی قرعہ اندازی میں ناکام رہ جانے والے تمام درخواست گزار اس قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے اور جن درخواست گزاروں نے پیسے اکاؤنٹ سے واپس نکلوا لیے ہیں ان کو بھی اس قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ منتخب عازمین حجاج کو بینک میں مطلوبہ رقم جمع کروانے کے لیے 4 دن کا وقت دیا جائے گا اور اس نئی قرعہ اندازی میں کسی نئی درخواست کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے 29 اپریل 2019 کو وزارت مذہبی امور نے سعودی عرب کی جانب سے نئے حج کوٹہ ملنے کے بعد حج اسکیم میں ناکام ہونے والے درخواست گزاروں کو ایک اور موقع دینے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے نئے کوٹے کی قرعہ اندازی کی سمری بنالی ہے جسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستانی عازمین حجاج کے لیے اضافی کوٹے کا معاملہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے اٹھایا تھا جس پر سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 16 ہزار افراد کے اضافی کوٹے کا اعلان کیا تھا۔

اس کوٹے کے اضافے کے بعد پاکستان کے مجموعی عازمین حجاج کا کل کوٹہ 2 لاکھ تک پہنچ چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس نئے کوٹے کے اضافے کے بعد وزارت مذہبی امور نے ناکام رہ جانے والے درخواست گزاروں کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں قرعہ اندازی 20مئی کوکی جائے گی۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات