کمشنر کراچی افتخار شالوانی کا کراچی سرکلر ریلوے ٹریک کا دورہ

کراچی سرکلر ریلوے ٹریک سے تجاوزات ہٹانے کا کام جاری ہے۔ کمشنر کراچی

ہفتہ 18 مئی 2019 21:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ڈی ایس ریلویز سید مظہر علی شاہ کے ہمراہ ہفتہ کو کراچی سرکلر ریلوے ٹریک کا دورہ کیا اور ٹریک پر اور ٹریک کے اطراف تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ڈی ایس ریلویز کے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی سرکلر ریلوے ٹریک سے تجاوزات ہٹانے کا کام جاری ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو کراچی سرکلر ریلوے پر سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق تجاوزات ہٹانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے ساتھ مل کر مربوط کوششیں کر رہے ہیں، انتظامیہ اور پاکستان ریلویز کے افسران پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں بنادی گئی ہیں جو تجاوزات ہٹانے کے لئے کوششیں کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے ہر ٹریک سے تجاوزات ہٹاکر دونوں اطراف پچاس، پچاس فٹ کا فاصلہ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ریلوے اسٹیشن سے بلدیہ تک 9 کلو میٹر کے ٹریک سے تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے لئے ایک سال کا وقت دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے کی زمین پر جتنے بازار، مارکیٹ اور دیگر دکانیں ہوںگی وہ سب ہٹادی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال کے ڈی اے گرائونڈ میں لگنے والے بچت بازار کو بھی مسمار کر دیا جائے گا۔

انہوں نے سٹی ریلوے اسٹیشن سے بلدیہ تک 9 کلو میٹر تک ریل ٹرالی پر متعلقہ افسران کے ساتھ ٹریک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ریلویز اور ڈپٹی کمشنر شرقی احمد علی صدیقی بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ماری پور و سائٹ اسٹیشن، لیاری اسٹیشن، وزیر علی اسٹیشن (مچھر کالونی) بلدیہ اسٹیشن تک کراچی سرکلر ریلوے پر ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات ہٹانے کی مہم مزید تیز کریں اور یقینی بنائیں کہ مربوط کو ششیں کر کے مقررہ وقت میں تجاوزات کا کام مکمل ہو۔