اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو کنٹینر اور کھانا فراہم کرنے کو تیار ہیں،فردوس عاش اعوان

اپوزیشن جماعتوں کے اکٹھے ہونے کے پیچھے عزائم اور حقائق جانا ضروری ہے، مشیراطلاعات

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 18 مئی 2019 22:20

اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو کنٹینر اور کھانا فراہم کرنے کو تیار ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی2019ء) وفاقی مشیراطلاعات فردوس عاش اعوان نے ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کو غور سے دیکھا جارہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ غریب پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت گیس کے محکمے میں 180ارب روپے کا خسارہ چھوڑا کر گئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو کنٹینر اور کھانا فراہم کرنے کو تیار ہیں البتہ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے اکٹھے ہونے کے مقاصد، عزائم اور پس پردہ حقائق کیا ہیں اور یہ جماعتیں کیوں اکٹھی ہو رہی ہیں اگر یہ جماعتیں عوام کے لیے اکٹھی ہو رہی ہیں تو یہ ان کا حق ہے تاہم ملک کی معیشت کو انہوں نے ہی خراب کیا ہے، اب اگر یہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں کنٹینر اور کھانا فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجلی چوری کے معاملے پر ہم سخت چوروں کے خلاف سخت ایکشن لے رہے ہیں اور اس ضمن میں ابھی تک 4600 گرفتاریاں کی جا چکی ہیں۔اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق انہوں نے کہا کہ عوام ان کے ساتھ مل کر کبھی احتجاج نہیں کرے گی کیونکہ عوام کو جانتی ہے کہ انہی لوگوں نے ملک کا یہ حال کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں یہ لوگ بات نہیں کرتے اوران لوگوں نے قوم کے ایوان کو سیاسی اکھاڑہ بنارکھا ہے۔