Live Updates

محمد عامر کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات معدوم، انگلینڈ کیخلاف سیریز کا آخری میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے

فاسٹ باولر تاحال مکمل طور پر فٹ نہ ہو سکے، ٹیم مینیجمنٹ نے میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کسی قسم کا رسک نہ لینے کا فیصلہ کیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ مئی 22:30

محمد عامر کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات معدوم، انگلینڈ کیخلاف سیریز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2019ء) محمد عامر کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات معدوم، انگلینڈ کیخلاف سیریز کا آخری میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے، فاسٹ باولر تاحال مکمل طور پر فٹ نہ ہو سکے، ٹیم مینیجمنٹ نے میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کسی قسم کا رسک نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینیجمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فاسٹ باولر محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیریز کا آخری ایک روزہ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینیجمنٹ کے مطابق فاسٹ باولر محمد عامر تاحال مکمل طور پر فٹ نہ ہو سکے۔ اسی لیے ٹیم مینیجمنٹ نے میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کسی قسم کا رسک نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق بھی سنجیدہ نوعیت کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امام الحق گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران کہنی پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔

امام الحق کے دائیں بازو میں سوجن ہے جو تاحال ختم نہیں ہوئی۔ اسی لیے امام الحق انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ امام الحق کی جگہ حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ (آج) اتوار کو لیڈز میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہو گا، میزبان ٹیم کو سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا تاہم میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو دوسرے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرے اور چوتھے ایک روزہ میچز میں بھی کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے تاہم قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہ دیا اور انگلش ٹیم نے مسلسل تین میچز جیت کر سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے، دونوں ٹیمیں آخری ایک روزہ میچ میں آج اتوار کو مدمقابل ہوں گی، میزبان ٹیم مشن کلین سویپ کیلئے پر عزم دکھائی دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستانی ٹیم آخری میچ میں فتح حاصل کر کے بھرپور انداز سے ورلڈ کپ میں شرکت کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019 سے متعلق تازہ ترین معلومات