سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ

اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے شائع کردہ اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکر اپریل 2019 تک خلیجی ممالک سے پاکستان بھیجی جانے والی رقوم کی شرح میں کئی فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا

اتوار 19 مئی 2019 00:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2019ء) سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے شائع کردہ اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکر اپریل 2019 تک خلیجی ممالک سے پاکستان بھیجی جانے والی رقوم کی شرح میں کئی فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب اورخلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر اپریل 2018 تک سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 4175.32 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک بجھوایا جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 4090.12 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک بجھوایاتھا۔یوں ایک سال کے عرصہ میں سعودی عرب میں قمقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں 2.083 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر اپریل 2018 تک متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں مقیم پاکستانیوں نے 3786.96 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 4.042 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں مقیم پاکستانیوں نے 3639.82 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کردیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق خلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک بحرین، کویت،قطر اوراومان میں مقیم پاکستانیوں نے جولائی سے لیکر اپریل 2018 تک 1717.86 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، مالی سال 2017-18 کے اسی عرصہ میں بحرین، کویت،قطر اوراومان میں مقیم پاکستانیوں نے 1815.82 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ دوسری جانب مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب ڈالرز سے زائد کی سطح پر موجود ہیں۔ ان زرمبادلہ ذخائر میں بڑا حصہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم کا ہے۔