خلیجی ممالک نے امریکا کو سمندری حدود میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے دی

اتوار مئی 00:10

خلیجی ممالک نے امریکا کو سمندری حدود میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) خلیجی ممالک نے امریکہ کو سمندری حدود میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے امریکہ نے ایران سے مقابلہ کرنے کیلئے اپنی فوج خلیجی ملکوں اور ان کی سمندری حدود میں تعینات کرنے کی اجازت مانگی تھی سعودی عرب سمیت خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک نے امریکا کو خلیجی ملکوں کی سمندری حدود میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے دی۔

بین الاقوامی جریدے کے مطابق امریکہ نے ایران سے مقابلہ کرنے کیلئے اپنی فوج خلیجی ملکوں اور ان کی سمندری حدود میں تعینات کرنے کی اجازت مانگی تھی اس درخواست پر خلیج تعاون کونسل نے خلیجی پانیوں میں امریکی فوج کی تعیناتی کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں امریکا نے ایرانی تیل کی درآمدات پر دی گئی چھوٹ ختم کردی اور خبردار کیا کہ اب جو بھی ملک ایران سے تیل خریدے گا اسے امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایران نے امریکا کے اس اقدام کی مذمت کی اور اسے معاشی دہشت گردی قرار دیا۔ ساتھ ہی ایران نے 2015 میں ہونے والے عالمی جوہری معاہدے کے اہم حصے سے دستبردار ہونے کا بھی اعلان کردیا جس سے امریکا گزشتہ برس ہی پیچھے ہٹ چکا ہے۔بعد ازاں امریکا نے اپنا بحری بیڑہ اور بی 52 بمبار طیارے خلیج فارس کی جانب روانہ کردیے جس نے ایران کو مزید مشتعل کردیا اور تہران نے بیان دیا کہ خلیج فارس میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔

ایران نے امریکی صف بندی کو نفسیاتی جنگی حربہ قرار دیا جس کا مقصد ان کے ملک کو دھمکانا ہے۔اس حوالے سے پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا لیکن واشنگٹن خطے کے مفاد اور امریکی فوج کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ دفاع خطے میں ایران کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔