ایران کا شام سے امریکی فوج کے انخلاء کا مطالبہ

اتوار 19 مئی 2019 10:35

ایران کا شام سے امریکی فوج کے انخلاء کا مطالبہ
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) ایران نے ایک بار پھر زوردیا ہے کہ امریکا کو شام میں اپنی غیرقانونی موجودگی ختم کرکے وہاں سے فوری طور پر نکل جانا چاہئے۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے شام کے صوبے ادلب کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ امریکا کو چاہئے وہ فوری طور پر شام میں اپنی غیر قانونی فوجی موجودگی ختم کردے۔

(جاری ہے)

ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران آستانہ امن کے عمل کے ضامن ملکوں روس اور ترکی کے ساتھ مل کر ادلب میں پرامن علاقے کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادلب میں کشیدگی سے پاک امن کا علاقہ قائم کئے جانے کے معاملے کا اس صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے بھی سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردوں کی طرفداری اور حمایت کرنے پر امریکا کو شدید ہدف تنقید بنایا ۔ روسی مندوب ویسلی نبنزیا نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ادلب میں دہشت گردوں نے عام شہریوں کو یرغمال بنالیا ہے کہا کہ شام کے صوبے ادلب میں ہر حال میں دہشت گردی کا صفایا ہونا چاہئے۔