شاہ سلمان نے 30 مئی کو خلیج کونسل اور عرب لیگ کے ہنگامی سربراہ اجلاس طلب کرلیے

مقصد سعودی عرب اور امارات میں ہونے والے تخریب کارانہ حملوں اوران کی روک تھام پر غور کرنا ہے،رپورٹ

اتوار 19 مئی 2019 12:10

شاہ سلمان نے 30 مئی کو خلیج کونسل اور عرب لیگ کے ہنگامی سربراہ اجلاس ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خطے کی تازہ صورت حال کے تناظر اور خلیج کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ کا فوری اجلاس طلب کرلیا،عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب اور امارات پرحملوں کے واقعات اور آئندہ کے لیے خلیجی ملکوں پر جارحیت کی روک تھام کے لیے 30 مئی کو خلیجی اور عرب سربراہ کانفرنسیں منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہ سلمان نے خلیجی ممالک کی قیادت اور عرب ممالک کے سربراہان کو 30 مئی کو ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے مکتوب ارسال کر دیے ۔ اس پیش رفت کا مقصد حالیہ ایام میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والے تخریب کارانہ حملوں اوران کی روک تھام پر غور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

تیس مئی کو عرب لیگ اور خلیجی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے بعد 31 مئی بہ مطابق 26 رمضان المبارک کو اسلامی سربراہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تینوں سربراہ اجلاسوں کی میزبانی سعودی عرب کرے گا جو مکہ معظمہ میں منعقد کی جائیں گی۔خیال رہے کہ خلیج ممالک اور پورا مشرق وسطیٰ اس وقت سخت کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری محاذ آرائی نیخطے میں ایک نئی جنگ کی کیفیت پیدا کردی ہے۔