بابر اعظم نے ایڈم گلکرسٹ کا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا

قومی بلے بازوں کی فہرست میں ظہیر عباس کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھی پوزیشن سنبھال لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 19 مئی 2019 13:06

بابر اعظم نے ایڈم گلکرسٹ کا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مئی2019ء) قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلکرسٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے مقابلے میں بابر اعظم نے اپنی9ویں سنچری مکمل کی ،انہو ں نے 112گیندوں پر13چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے115رنز سکور کیے ، یہ بابر اعظم کی لسٹ ا ے کرکٹ میں 19ویں سنچری تھی جس کیساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنیوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں ظہیر عباس کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر آگئے اور سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلکرسٹ کا 18لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑنے میں کامیاب ہوگئے ،گلکرسٹ نے 356میچز میں18سنچریاں سکور کی تھیں۔

(جاری ہے)

بابر اعظم اب تک63ون ڈے میچز کی61اننگز میں51.13کی اوسط سے2659رنز سکور کرچکے ہیں جن میں9سنچریاں اور11نصف سنچریاں شامل ہیں،انہوں نے 127لسٹ اے میچز کی 124اننگز میں51.62کی اوسط سے5575رنز سکور کرچکے ہیں جس میں19سنچریاں اور29نصف سنچریاں شامل ہیں۔لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26سنچریوں کیساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنیوالے ملکی بلے باز ہیں،ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور24سنچریوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21سنچریوں کیساتھ تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس19سنچریاں سکور کرکے چوتھی جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18سنچریاں سکور کرکے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور اظہر علی 17،17سنچریوں کے ساتھ چھٹے ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ،ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد اور آل رانڈر شعیب ملک 16،16سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پرساتویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ15، 15لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 8ویں نمبر پر موجود ہیں۔