تھائی لینڈ میں ماں نے زندہ نومولود بچہ کھیت میں دفن کردیا، کتے نے بچا لیا

ڈاکٹروں نے بچے کو چیک کرنے کے بعد نہلا کر اسے صحت مند قرار دیدیا،ماں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ

اتوار 19 مئی 2019 13:55

بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) شمالی تھائی لینڈ میں ایک کتے نے ایک نومولود بچے کی جان اس وقت بچا لی جب بچے کو مبینہ طور پر اس کی نوجوان ماں نے زندہ دفن کر دیا تھا۔اس بچے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی 15 سالہ ماں نے اپنے والدین سے حمل چھپانے کے لیے ایسا کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بان نونگ خام گاؤں میں پنگ پونگ نامی کتا کھیت میں ایک مقام پر بھونک رہا تھا اور کھودنے کی کوشش کر رہا تھا۔

کتے کے مالک نے کہا کہ اس وقت انھیں ایک بچے کی ٹانگ نظر آئی۔مقامی لوگ بچے کو فوراً ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو چیک کرنے کے بعد نہلا کر اسے صحت مند قرار دیا ہے۔پنگ پونگ کے مالک اوسا نسائیخا نے بتایا کہ پنگ پونگ کی ایک ٹانگ کام نہیں کرتی کیونکہ ایک گاڑی اسے مار گئی تھی۔

(جاری ہے)

انھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ میں نے اسے اسی لیے رکھا کیونکہ یہ انتہائی وفادار اور تابعدار ہے۔

میں جب بھی اپنی بھینسوں کی دیکھ بھال کے لیے جاتا ہوں تو یہ میری مدد کرتا ہے۔ اسے پورا گاؤں ہی پسند کرتا ہے۔ادھر اس بچے کی ماں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کا کہناتھا کہ فل الحال یہ 15 سالہ ماں اپنے والدین اور ایک ماہرِ نفسیات کے پاس ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ماں اپنے کیے پر رنج و غم کا اظہار کر رہی ہے۔ اس لڑکی کے والدین نے بچے کو پالنے کی حامی بھری ہے۔