Live Updates

جے یوآئی قوم کو نااہل ٹولے سے نجات دلانے کیلئے اسلام آباد کی طرف بہت جلد لانگ مارچ کریگی، مولانا فضل الرحمن

ملک کوخونخوارعالمی مالیاتی اداروں کے آگے گروی رکھنے والے ملک سے وفادار نہیں ہوسکتے، سرسربراہ جے یو آئی (ف)کی گفتگو

اتوار 19 مئی 2019 16:20

تلہ گنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یوآئی قوم کو نااہل ٹولے سے نجات دلانے کیلئے اسلام آباد کی طرف بہت جلد لانگ مارچ کریگی، ملک کوخونخوارعالمی مالیاتی اداروں کے آگے گروی رکھنے والے ملک سے وفادار نہیں ہوسکتے ۔ وہ جے یوآئی پنجاب کے ترجمان اقبال اعوان سے اپنی رہائشگاہ اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مولانا امیرزمان ، سابق سنیٹر فاٹامولانا عبدالمالک ، مولانا جمال دین اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا پروفیسر عبدالحکیم اکبری بھی موجود تھے۔جے یو آئی (ف) پنجاب کے نائب ترجمان چوہدری عبدالجبار کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے جماعتی صورتحال پر گفتگو کے علاوہ ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے مسلط شدہ جعلی اور نااہل حکومت سے فوری نجات ملک و ملت کے مفاد کی خاطر بہت ضروری ہوچکی ہے، جس کیلئے جمعیت تنہا میدان عمل میں ہے ور ان حکمرانوں کو گھر بھیجنے تک اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد قادیانی، یہود و ہنود نواز ٹولے کے خلاف جاری تحریک میں تیزی لائی جائے گی جس کیلئے جمعیت علماء اسلام پنجاب کو کلیدی کردار اداء کرنے کیلئے ٹاسک دے دیا گیا ہے ،جے یو آئی پنجاب نے اس حوالے سے بھر پور تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے صوبائی امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان اور جے یو آئی پنجاب کے دیگر راہنماؤں کی اس حوالے سے میرے ساتھ تمام امور پر ملاقاتوں میں مشاورت جاری ہے ترجمان جے یو آئی پنجاب اقبال اعوان سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نام نہاد حکمران ٹولے نے نو ماہ میں ملک کو دیوالیہ پن کا شکار کردیا ہے ، مہنگائی اور بے روزگای کا جن بے قابوہوچکا ہے، ملک کو براہ راست خونخوار عالمی مالیاتی اداروں ورلڈبینک اور آئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا گیاہے ، پاکستانی کرنسی کی بدترین بیقدری اور ڈالر کی ریکارڈ توڑ اونچی اڑان ملک و قوم کے ساتھ سنگین دشمنی کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں صرف نو ماہ کی تبدیلی سرکار کی کارکردگی کے سبب حکومت کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کے سبب عام آدمی کا مہنگائی نے کچومر نکال کر رکھ دیا ہے جے یوآئی ملک و ملت اور عام آدمی کو بے حس اور ملک وعوام دشمن حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نااہل ٹولے سے نجات کیلئے جمعیت بہت جلد اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کیلئے لانگ مارچ کرے گی ، جمعیت کا بر کارکن ان کٹھ پتلی حکمرانوں سے قوم کو نجات دلانے کیلئے تیار رہے اور ہماری ایک آواز پر ملک بھر کے کارکنان جمعیت دیوانہ وار اسلام آباد کا رخ کریں گے اور عوام کو اس حکومت سے نجات دلا کر اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیںگے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات